ایمان کے کعبہ حضور
آپ ہیں ایمان کے کعبہ حضور
منفرد ہے آپ کا رتبہ حضور
رب ہے معطی آپ ہیں داتا حضور
پھر تکوں کیوں غیر کا رستہ حضور
آپ کا جود و کرم ہے واہ واہ
لا نہیں سنتا کبھی منگتا حضور
منبع انوارِ رب العلمین
بالیقیں ہے آپ کا روضہ حضور
دہر میں وہ ہوگیا ہے مشکبو
آپ کا جو ہوگیا پیارا حضور
آزمائش میں ہے امت آپ کی
"اک نظر بس اک نظر آقا حضور"
لب پہ ہو الیاؔس کے وقتِ اجل
میٹھا میٹھا آپ کا کلمہ حضور
Comments
Post a Comment