شہ ابرار آ گئے
عدل و وفا خلوص کے گُل لہلہا گئے
روئے زمیں پہ جب شہِ ابرار آ گئے
*لولاک* والے آپ کے ہی نورِ پاک سے
شمس و قمر ستارے سبھی جگمگا گئے
ظلم و جفا کی وادی سے آقا نکال کر
" بھٹکے ہوؤں کو راہِ ہدایت دکھا گئے"
ایمان ، پیارا دین ، خدا کا کلامِ حق
ہم سب رسولِ پاک کے صدقے میں پا گئے
چل کر اسی پہ امن و سکوں پائیں گے سبھی
جو راستہ رسولِ معظم بتا گئے
میں نے رسولِ پاک کا نعرہ لگایا جب
عاشق لگے مچلنے عدو تھرتھرا گئے
الیاس ہو کروڑوں درود ان کی ذات پر
سینے سے دشمنوں کو جو اپنے لگا گئے
Comments
Post a Comment