لاثانی حضور
مل گیا بیشک اسے تختِ سلیمانی حضور
آپ کے در کی ہے حاصل جس کو دربانی حضور
آپ کی سنت پہ ہے جس نے گذاری زندگی
حشر میں ہو کیوں بھلا اس کو پشیمانی حضور
برکتاً مَلتے صحابہ جسم اور رخسار پر
آپ کے جسم منور کا لگا پانی حضور
آپ کا نامِ مبارک لکھ دیا کشتی پہ جب
پھر لگا طوفان بھی کرنے نگہبانی حضور
ہم سے غمخواروں کے ماویٰ اور ملجا آپ ہیں
درد کے ماروں کی کیجے آپ درمانی حضور
گود میں لےکر حلیمہ نے کہا یہ جھوم کر
"صورت و معنی میں ٹھہرے آپ لاثانی حضور"
حضرتِ حسان و خدری کی طرح الیاؔس بھی
آپ کی کرتا رہے ہر دم ثناخوانی حضور
Comments
Post a Comment